مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور جنگ بندی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران فلسطینی عوام کی بے مثال مزاحمت پر فلسطینی رہنما کو مبارکباد دی اور کہا کہ مقاومت نے صیہونی حکومت کو 15 ماہ کے دوران سنگین جرائم اور نسل کشی کے بعد جنگ بندی پر مجبور کر دیا۔
عراقچی نے مسئلہ فلسطین اور غاصب صیہونیوں کے خلاف فلسطینی عوام کی جائز اور قانونی مزاحمت کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت اور اصولی موقف کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران اسلامی جہاد کے سیکریٹری جنرل نے غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور سیاسی پیش رفت پر گفتگو کی اور غزہ کے عوام کے لیے ایران کے بہادرانہ موقف اور حمایت کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام اپنے انسانی اور قانونی حقوق کے حصول اور قابض طاقت سے آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
آپ کا تبصرہ